ملتان، ضلعی امن کمیٹی کا  محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کے قیام پر اتفاق

66

ملتان، 10 جولائی ( اےپی پی): ضلعی امن کمیٹی نے  محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کے قیام پر اتفاق رائے کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین نے مذہبی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کی سخت حوصلہ شکنی کا فیصلہ بھی کیا۔ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر اور سی پی او منصورالحق رانا کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں معروف عالم دین قاری حنیف جالندھری اور علماء کرام و اراکین امن کمیٹی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید شریک ہوئے۔اجلاس میں تمام مسالک کے علماء کرام نے روٹس پر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی کام مکمل کرکے جلوس منتظمین کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔تمام مسالک کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معمول سے ہٹ کر کسی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ آتش بازی،لاوڈ سپیکر اور گھوڑا سواری پر سخت پابندی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے فوری آگاہ کریں۔قبل ازیں سی پی او منصورالحق رانا نے کہا کہ پولیس نے محرم سیکورٹی کا جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔حساس مقامات اور مجالس پر اضافی سیکورٹی تعینات کی جائے گی۔معروف عالم دین قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ شہر اولیاء میں مثالی امن و امان کیلئے تمام مسالک ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔امن کمیٹی قیام امن کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اس موقع پر سید علی رضا گردیزی،عنایت اللہ رحمانی،مظہر گیلانی,ایوب مغل ،سید مزین چاون،ڈاکٹر صدیق خان قادری،علامہ فاروق خان سعیدی ،مخدوم حسن مشہدی ،سید ظہور شمشمی،عزیز الرحمٰن انصاری،ریاض عطاری نے امن و امان کے حوالے سے خطاب کیا جبکہ مظہر جاوید،مسعود عطاری،سید اصغر عباس نقوی،علامہ عبدالحق مجاہد،سید غوث انور گیلانی،سخاوت علی مولانا محمد عثمان پسروری اور دیگر نے جلوس و مجالس کے روٹس پر  انتظامات کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کیا۔بعد ازاں امن کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔