پشاور،19جولائی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے جوکہ نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی سیاحوں کیلئے کشش کا باعث ہے،ان علاقوں میں قدرتی حسن کی حفاظت وہاں کے عوام سمیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صوبہ میں سیاحت کے فروغ اورترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، سیاحت جیسے شعبے کو ترقی دینے سے غربت اور بے روزگاری کاخاتمہ کیاجاسکتاہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع لوئر دیر سے مولانا محمدنبی شاہ اور مولانا رحمان اللہ کی قیادت میں نمائندہ عوامی وفد سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے گورنر کو علاقے کے عوام کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں تیمرگرہ کی بیوٹی فیکیشن اور سیاحتی مقامات میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
گورنرنے اس موقع پر علاقے کے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پرمتعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔ وفد نے معروضات غور سے سننے اور مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنرکاشکریہ ادا کیا اورگورنر کوخراج تحسین پیش کیا کہ صوبے کی تاریخ میں عوام کو پہلی دفعہ عوامی گورنر ملاہے جس نے ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھلے رکھے ہیں اور اپنے مسائل سے نہ صرف گورنر کو آگاہ کرتے ہیں بلکہ گورنر ان مشکلات کے حل میں اپناکردار ادا بھی کرتے ہیں۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ صوبے کی دوردراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کیلئے ان علاقوں کی ضروریات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
گورنرنے کہاکہ صوبے کی سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے جس سے نہ صرف صوبے میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی سطح پر عوام کوروزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں تعلیم، صحت، مواصلات اور آبنوشی وآبپاشی سمیت دیگر شعبوں میں بھی بہتری اور عوا م کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔
گورنر سے چارسدہ سے حاجی دانش مندکی سربراہی میں بھی ایک نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد میں حاجی انعام اللہ، ڈاکٹرالٰہی جان، عبدالباسط اوردیگرشامل تھے۔ وفد نے گورنر کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔
گورنرسے لکڑئی قانیزہ سے چیئرمین ملک زاہد خان اور ملک سلیمان خان اورضلع کرک سے مولانا حامد، ماجدخان، فضل غنی اور دیگر نے بھی ملاقات کی اور گورنر کو علاقے کے عوام کودرپیش مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر گورنرنے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری طور پراحکامات جاری کئے۔
گورنر حاجی غلام علی سے بلوچستان سے بلوچ سٹوڈنٹس کمیٹی کی طرف سے ڈاکٹر جان بلوچ کی سربراہی میں 4 رکنی وفدنے بھی ملاقات کی۔وفد میں حاجی کامران، ڈاکٹر منصور اور شکیل احمد شامل تھے۔وفد نے گورنرکوبلوچستان کے گورنر کاخصوصی پیغام پہنچایا۔ اس کے علاوہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان کے طلباء کیلئے کوٹہ کی کمی کے حوالے سے گفتگو کی اور بلوچ طلباء کیلئے سابقہ کوٹہ بحال کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔
گورنر نے اس موقع پر بلوچستان کے گورنر کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور وفد کے شرکاء کویقین دلایاکہ دونوں صوبوں کے گورنر مشترکہ طور پر بلوچ طلباء کیلئے سابقہ کوٹہ کی بحالی یقینی بنائیں گے۔