سانگھڑ ،31 جولائی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے رورل ہیلتھ سینٹر جام نواز علی میں قائم بینظیر نشونما سینٹر کا دورہ کیا ہے۔
دورہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی فلاح بہبود کے لئے ہمیشہ اچھے پروگرام مرتب کرتی رہی ہے۔ بینظیر نشونما سینٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کی غذائی کمی کو دور کرنے خاص غذائیت سے بھرپور غذا ممتا خواتین کے لیے اور واوامم دوسال تک کی عمر کے بچوں فراہم کی جاتی ہیں جس سے زچہ و بچہ کی صحت پر اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور دوبارہ بحالی کے لئے کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والی خواتین کی رجسٹریشن کے لیے ڈائنامک سروے شروع کیا گیا ہے جس سے مستحق خواتین کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد، ورلڈ بنک کی غیر ملکی نمائندہ میلس گووین اور زینب، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیض محمد مری، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی فدا حسین لاشاری، ورلڈ فوڈ پروگرام آفیسر سلمی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔