سکھر: محرم الحرام کے دوران امن برقرار رکھنے کیلئے سکھر اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ

21

سکھر۔19جولائی(اے پی پی) :ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکھر پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ ہوا۔ فلیگ مارچ کا آغاز سٹی پوائنٹ سے ہوا ، وہاں سے ہوتے ہوئے سکھر شہر کے مختلف علاقوں ملٹری روڈ، گلوب چوک، بندر روڈ، دعا چوک، مناراہ روڈ، گھنٹہ گھر، پولیس لائن, ریس کورس روڈ، اسٹیشن روڈ، ایوب گیٹ سے ہوتا ہوا فلیگ مارچ میدان کربلا روہڑی پہنچا۔

 فلیگ مارچ میں ضلع کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوَز، ڈی آئی بی انچارج سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ محرم الحرام کے دوران امن امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لئے پولیس کو الرٹ رکھنا ہے۔فلیگ مارچ موجودہ صورتحال اور محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کیلئے کیا گیا۔ ایس ایس پی سنگھار ملک کا کہنا ہے کہ ضلع میں جرائم کا خاتمہ اور امن امان کی بحالی اولین ترجیع ہے۔فلیگ مارچ کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد، دہشتگری کے خطرات سے نمٹنا ہے۔