ملتان،19 جولائی(اے پی پی ):شہر اولیاء میں صحت کے میگا منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔حکومت پنجاب نے کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا خصوصی ٹاسک سونپا ہے۔اس سلسلے میں کمشنر عامر خٹک نے زیر تعمیر کارڈیالوجی توسیعی بلاک اور سول ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔
کارڈیالوجی توسیعی بلاک دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کارڈیالوجی توسیعی بلاک میں او پی ڈی مکمل فنکشنل کردی گئی ہے ، 3 ارب روپے کے پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے،33 کمرے مکمل فنکشنل ہے جبکہ دوسرا فلور آج ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیا جائے۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں مکمل ہسپتال فنکشنل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، 3 فلوز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر سے 208 بیڈز کو اضافہ ہوگا۔ کارڈیالوجی ہسپتال میں 20 کروڑ کی لاگت سے 4 منزلہ سرائے تعمیر کیا جائے گا۔250 بیڈز پر مشتمل سرائے کا پی سی ون حکومت پنجاب کو بھجوایا جاچکا ہے۔
کمشنر عامر خٹک نے سول ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کی موجودہ عمارت چلڈرن ہسپتال کو سونپی جارہی ہے۔ چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی سول ہسپتال کی عمارت میں منتقل کی جائے گی،47 ملین روپے کی سکیم کو ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کی شہباز شریف ہسپتال منتقلی اور ہسپتال عمارت کو چلڈرن ہسپتال کو دینے بارے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا،اس خطے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ چلڈرن ہسپتال کو وسیع کیا جائے اور اس کی سروسز میں بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال بچوں کے علاج کے حوالے سے جنوبی پنجاب کا واحد ہسپتال ہے،سول ہسپتال کی عمارت چلڈرن ہسپتال میں ضم کرنے سے طبی سروسز میں بہتری آئے گی۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی سہل فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں،صحت کے شعبے میں بہتری پر حکومت پنجاب کا خاص فوکس ہے، منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا،عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیموں کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کو منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔











