عیدالاضحیٰ  کے موقع پرمری  میں ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ،ٹریفک کنٹرول کےخصوصی انتظامات  

43

مری، 04 جولائی(اے پی پی):ملکہء کوہسار مری  میں ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باعث مال،جی پی او چوک، کشمیر پوائنٹ  سمیت تمام تفریح مقامات پر رونقیں دوبالا ہو گئیں ہیں جبکہ چیئر لفٹ پنڈی پوائنٹ پر بھی سیاحوں کا بے پناہ رش رہا،سیاح چیئر لفٹ پر مری کے خوشگوار موسم سے خوب مزے لیتے رہے۔

سیاح عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پرمال روڈ، کشمیر پوائنٹ،بھوربن، کوہالہ، نیلم جہلم پکنک پوائنٹ،  گلیات،  ایو بیہ،  نتھیاگلی،  سمندر کٹھہ جھیل اور نیو مری میں بھی  ٹھنڈے ٹھنڈے موسم سے خوب محظوظ ہوتے رہے  جبکہ کلڈنہ ، جھیکا گلی،  بھوربن اور گلیات جنگلات میں سیاحوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے ۔

 عیدالاضحیٰ  کے موقع پر مری کی تمام شاہراہوں پر سیاحوں کی گاڑیوں کا ریکارڈ رش رہا،ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئےتمام مین چوراہوں اور شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات تھی ۔انتظامیہ نے  ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے  اور کسی بھی ناخوشگوار  صورتحال سے نمٹنے اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرریسکیو1122اور پولیس فورس کے خصوصی انتظامات  کر رکھے  تھے۔