فیصل آباد؛حجاج کرام کی واپسی کا سفر شروع، حاجیوں کا بہترین انتظامات پر وزارت حج کا شکریہ

25

فیصل آباد، 2 جولائی(اے پی پی): حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے کے بعد حجاج کرام کی واپسی کا سفر شروع ہو گیا اور اتوار کو پہلی حج فلائٹ PK-1340 جدہ سے 113 حجاج کرام کو لیکر رات 8 بجے فیصل آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر لینڈ کر گئی جہاں ڈائریکٹر وزارت حج اقرار احمد نے آنے والے حجاج کرام کو خوش آمدید کہا اور تمام حجاج کرام کو حج کے عظیم فریضہ کی ادائیگی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر بھی موجود تھے جنھوں نے معزز حجاج کرام کو خوش آمدید کہا اور حج کی مبارک دی۔فیصل آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر حجاج کرام کے رشتہ داران و عزیز و اقرباء کی کثیر تعداد نے فریضہ حج کی ادائیگی پر انھیں خوش آمدید کہا،مبارکباد دی اور اپنے پیاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے بتایا کہ پوسٹ حج آپریشن شروع ہو چکا ہے جو 31 جولائی تک جاری رہے گا ۔ اس عرصہ کے دوران 3500 حجاج کرام 22 فلائٹس کے ذریعے فیصل آباد ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔

 حجاج کرام نے حکومت پاکستان اور خصوصی طور پر وزارت مذہبی امور کا حج 2023 کے بارے میں امسال بہترین انتظامات پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔