لاہور،10جولائی ( اے پی پی ): سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کو یہاں ٹاؤن ہال میں لاہور ڈویژن کی امن کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، امن کمیٹی کے ممبران، مجالس اور جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز شریک تھے۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن عامہ اور سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران صوبائی دارالحکومت کے ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی اورحساس مقامات کے گرد ونواح میں سرچ اینڈ سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں امام بارگاہوں پر مورچوں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
امن کمیٹی کے ممبران نے منتظمین اعزاداری جلوس، متولیوں، لائسنس ہولڈرز نے سی سی پی او لاہور کو محرم الحرام میں قیام امن کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوس منتظمین قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔محرم الحرام کے دوران قیام امن اور مذہبی رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام میں قیام امن کے لئے پر عزم ہے۔لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ امام بارگاہوں کے بانیان، منتظمین،متولیوں اور رضاکاروں کے تعاون سے عزاداروں کی چیکنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
سی سی پی او لاہورنے امن کمیٹی کی میٹنگز باقاعدگی سے منعقد کروانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام میں علماء کا کردار اہم ہے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سینئر پولیس افسران سیف سٹی اتھارٹی اور ڈی سی آفس کے کنٹرول روم سے عاشورہ کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔ہمیں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کے لئے پولیس کی بھرپور معاونت کرے گی۔بانیان مجالس اور جلوسوں کے منتظمین نے شہر میں کرائم کنٹرول اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے لاہور پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔
آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز الپا، ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی (آپریشنز)صہیب اشرف، ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ سرمد تیمور، ڈپٹی کمشنر ننکانہ رفیق احسن، ڈی پی او ننکانہ صاحب صاعدعزیز، ڈی پی او قصور طارق عزیز، ایس پی(سیکورٹی) عبدلوہاب سمیت ڈویژنل ایس پیز اور متعلقہ پولیس افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔











