ملتان،25 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے سلسلہ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا ہے، ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کنٹرول روم میں 180 کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی براہ راست مانیٹرنگ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں قیام امن کیلئے 13 مقررین کی زبان بندی جبکہ 32 افراد کی ضلع میں داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ ضلع میں 485 ماتمی جلوس اور 1533 مجالس منعقد ہونگی جبکہ محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھی گئی ہے۔
عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے فوج اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی ہے101حساس جلوسوں اور 325 حساس مجالس کی خصوصی مانیٹرننگ ہوگی۔قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ کنٹرول روم میں پولیس حساس اداروں اور ضلعی محکموں کے تمام نمائندگان ڈیوٹی سر انجام دینگے کسی بھی صورتحال یا شکایت کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے گا۔











