میرپورخاص، 07 جولائی ( اے پی پی) :میرپورخاص کے راوت میموریل چرچ بی ٹی سی نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن حکومت سے واقعہ میں ملوث تمام افراد اور مرکزی ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ بی ٹی سی چرچ کے بشپ، پادریوں اور سینئر قیادت نے تمام مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دانستہ کاروائیوں میں ملوث افراد کو روکے اور قصور واروں کو سخت سزا دے۔
بی ٹی سی چرچ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر وہ شخص جو مقدس کتابوں پر یقین رکھتا ہے وہ کسی بھی عقیدے کے مقدس صحیفوں کی بے حرمتی جیسے مکروہ فعل کو معاف نہیں کرسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کو کبھی بھی دوسروں کو حقیر سمجھنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ میرپورخاص کی مسیحی برادری ایسے اقدامات کی مذمت کرتی ہے اور اپنے مسلمان بھائیوں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ ہم ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ ایسے مذہبی اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف آواز بلند کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ راوت میموریل چرچ بی ٹی سی احتجاج بشپ کلیم جان، پادری عارف منظور اور پادری اعمانوایل بھٹی کی سربراہی میں ہوا جس میں پادری سیمسن، پادری دیوراج، سیوا پاک کے سی او عبید کیلب، ایڈوکیٹ ممتاز جروار، فیناس جان، ریاض جوئیل اور دیگر مسیحی برادری و اہلیان محلہ علی ٹاؤن نے شرکت کی۔











