میر پور خاص؛ڈی آئی جی خاص رینج ،ڈی سی و ایس ایس پی کے امام بارگاہوں و کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے دورے

29

میر پور خاص ،28 جولائی(اے پی پی): ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مہر ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نور مصطفی لغاری، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ( ر) اسد علی چوہدری نے آج 9 محرم الحرام کے حوالے مرکزی امام بارگاہ درگاہ مکھن شاہ،ہزارہ امام بارگاہ، حیدری امام بارگاہ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

مرکزی امام بارگاہ مکھن شاہ پر ڈی آئی جی ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر نے لنگر کھایا اور امام بارگاہ کے متولی سید حمزہ نقوی، ڈاکٹر ثاقب کاظمی، واحد حسین پہلوانی اورصغیر نقوی نے ڈی آئی جی ،ڈپٹی کمشنر کو شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور جلوسوں کی گزر گاہوں پر کم روشنی کی شکایت کی۔

 اس موقع پر سید حمزہ نقوی ڈاکٹر ثاقب کاظمی نے بہترین سکیورٹی اور تعاون پر ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے دورے کے دوران ڈی آئی جی ذوالفقار علی مہر نے میرپورخاص ڈویژن کی سکیورٹی کے بارے میں بتایا کہ میرپورخاص ڈویژن میں 3500 پولیس اہلکار جبکہ ضلع میرپورخاص میں 1450 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور کہا کہ شہر کے جلوسوں کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر 116 سی سی ٹی وے کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ میرپورخاص شہر سمیت ڈویژن بھر میں فول پروف سکیورٹی اور تمام اسٹیک ہولڈرز امن بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے انتظامیہ سے بہترین تعاون کر رہے ہیں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نور مصطفی لغاری نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی شکایت ہے جسے سختی سے ختم کیا جارہا ہے اور کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔