نوشہرہ ورکاں،11 جولائی (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ آبادی کا عالمی دن آبادی کے انتظام کی اہمیت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زیادہ آبادی کے اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرتا ہے اور یہ وسائل کی طلب کو بڑھاتا ہے، جس سے ماحولیاتی بگاڑ اور عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔
ان خیالات کااظہار اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی یوم آبادی کے موقع پر خاندانی منصوبہ بندی کے لیے سوچ بچار کریں، آبادی کو کنٹرول کرکے اس خوبصورت دنیا کو جنت میں بدلا جا سکتاہے، آبادی کی سمارٹ منصوبہ بندی آئندہ نسل کے لیے بہترین تحفہ ہو سکتی ہے،ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے آبادی کی رفتار میں تیزی کو کم کرنا ہوگا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا کہ ہم اپنی اگلی نسل کے لیے اس دنیامیں بہتری کیلئے کارمند ہیں لیکن اگر آبادی زیادہ ہو گی تو وہ کبھی اس سے لطف اندوز نہیں ہوں گے۔عالمی یوم آبادی نیک خواہشات، نقصانات اور ہماری آبادی کے مسائل کے حل کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا دن ہے۔ آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے سے ماحولیات کا تحفظ بھی ممکن ہے،اگر زمین پر زیادہ آبادی ہوگی تو ہمارے بچوں کے پاس کھانے کے لیے خوراک اور سانس لینے کے لیے ہوا تک نہیں ہوگی۔انہیں تمام بنیادی سہولیات میسر نہ ہونگی۔
واک میں پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر عاصمہ عظیم، ایم ایس ڈاکٹر مقصود ظفرمان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عباس علی و دیگر ملازمین بھی شامل تھے۔ واک کے آخر میں ملکی سلامتی کے لئے دعا خیر کی گئی۔











