واشنگٹن  پاکستانی سفارتخانے میں سالانہ مینگو فیسٹیول، بار بی کیو  ریسپشن کا انعقاد،امریکی رکن کانگرس سمیت 200 شخصیات  کی  شرکت

21

 

واشنگٹن،21جولائی  (اے پی پی):امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں سالانہ مینگو فیسٹیول  اور بار بی کیو  ریسپشن  کا انعقاد کیا گیا جس میں 200سے زیادہ اہم شخصیات نے شرکت کی اورپاکستان کے پھلوں کے بادشاہ آم اور بار بی کیو سے لطف ندوز ہوئے ۔  اس ایونٹ کی میزبانی امریکا  میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کی ،جس  کے مہمان خصوصی  سینیٹر عرفان صدیقی اور امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین رکن کانگریس مائیکل میک کول تھے جبکہ اس موقع پر سینیٹر ہدایت اللہ ،پاکستان کی  رکن قومی اسمبلی شکیلہ خالد لقمان ،  امریکا کے لیے  سمال بزنس ایڈمنسٹریشن (ایس بی اے) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر دلاور سید،ریاست کنکٹیکٹ ہائوس میں ریاستی نمائندہ مریم خان، سفرا، کانگریشنل سٹاف،تھنک ٹینک کمیونٹی کے اراکین ،میڈیا اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

 سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان کی قومی زبان اردو میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پھلوں کے بادشاہ آم کی  خصوصیات  پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی سفیر  مسعود خان کو مینگو ڈپلومیسی پر مبارکباد دی جو کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

امریکی  کانگریس  رکن مائیل میک کول نے تقریب میں مدعو کرنے پر  پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی کھانوں اور مزیدار آموں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ ٹیکساس کے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ وہ اس روایت کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ اہم سکیورٹی انتظامات ہیں لیکن پاکستان میں تجارتی اور اقتصادی سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک مزید قریبی شراکت دار بن جائیں گے۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستانی آم کی  وسیع اقسام اور منفرد ذائقے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان معیاری آم پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہےجس میں چونسہ، سندھڑی، انورراٹول، لنگڑا اور دسہری سب سے زیادہ مقبول ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ ( ٹی آئی  ایف اے) کے تحت تجارتی مذاکرات کےتحت پاکستان نے امریکا  سے کہا  کہ وہ  امریکا کے مختلف حصوں کو بڑی مقدار میں آم برآمد کرنے کے لیے  کراچی بندرگاہ پر  پری انسپیکشن فیسلٹی کا انتظام  کرے ۔ انہوں نے کہا کہ  ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یو ایس سمال بزنس ایڈمنسٹریشن ( ایس بی اے) دلاور سید اس عمل میں شامل تھے اور امید ہے کہ  متعلقہ امریکی حکام کی جانب سے اس عمل کو تیز کیا جائے گا۔

امریکی رکن کانگرس مائیکل میک کول اور دیگر امریکی معززین نے بھی مختلف سٹالز کا دورہ کیا جن میں پاکستانی آموں سے بنی مختلف مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔