اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر نے ملاقات کی۔ بیلاروس کے سفیر نے وفاقی وزیر کو دولت مشترکہ کی کھیلوں کا دعوت نامہ پہنچایا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری احمد حنیف اورکزئی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو بھی موجود تھے۔ سفیر نے اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی راہیں تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بیلا روس کے سفیر نے بیلاروسی وزیر برائے کھیل اور سیاحت سرگئی کوولچک کی جانب سے آئی پی سی کے وزیر کو دولت مشترکہ کی آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ (سی آئی ایس )/ غیر سی آئی ایس کی ان کھیلوں میں شرکت کی دعوت دی، وفاقی وزیر نے سی آئی ایس گیمز میں شرکت کی دعوت پر بیلا روسی سفیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اس طرح کے ایونٹس کی بڑی اہمیت ہے ۔ احسان الرحمان مزاری نے کھیلوں کو فروغ دینے اور ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نےپاکستانی کھلاڑیوں کی امنگوں کے لئے کھیلوں کے مضبوط انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے کام کرنے کا کہا۔وفاقی وزیر نے پاکستان کے مشہور کھیلوں اور مختلف سطحوں پر اس کے ڈھانچے کے بارے میں اہم معلومات پر تبادلہ بھی کیا ۔ پاکستان کی 16 رکنی ٹیم بیلاروس میں ہونے والے سی آئی ایس گیمز کے دوسرے ایڈیشن میں باکسنگ، تیراکی، کراٹے اور ریسلنگ کی کیٹیگریز میں شرکت کرے گی ، دونوں رہنمائوں کی بات چیت میں سی آئی ایس گیمز کے علاوہ تعاون کی وسیع تر راہوں کی تلاش کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ دونوں نے فٹ بال، ہاکی، ریسلنگ اور ٹینس سمیت مختلف کھیلوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی اپنی خواہشات کا تبادلہ کیا۔ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور کوچز کی تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے علم کے اشتراک کو فروغ دینے، کوچنگ پروگرامز اور تبادلہ پروگراموں میں سہولت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔بیلا روسی سفیر نے کھیلوں کی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔











