راولپنڈی،05جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سے آذربائیجان کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آذربائیجان کے صدر کے مشیر خالد احدوف کی سربراہی میں بدھ کو یہاں ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے وفد کا خیرمقدم کیا اور او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پاکستان کے لیے آذربائیجان حکومت کے برادرانہ جذبات کو سراہا۔
وفاقی وزیرمحمد اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، سب کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امن کے لیے پاکستان کا عزم دنیا کے مختلف حصوں میں جنگ زدہ ممالک میں اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں اس کے اہم کردار سے عیاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آذربائیجان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو وسیع اور مضبوط بنانے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔
آذربائیجان کے صدر کے مشیر خالد احدوف نے وفد کی گرمجوشی سے مہمان نوازی اور تعاون کی مختلف راہوں پر بات کرنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔











