پشاور؛ وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان، اے پی پی بیورو کی جلائی گئی عمارت کی بحالی کا افتتاح کر دیا

24

پشاور،11 جولائی(اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان اور اے پی پی پشاور بیوروکی جلائی گئی عمارت و آڈیٹوریم کی بحالی و تزئین اور ریڈیو پاکستان میں سینما کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 ریڈیو پاکستان پشاور پہنچنے پر سیکرٹری انفارمیشن سہیل علی خان ، ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسن ،ریڈیو اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ملازمین نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی غنڈوں، تحریک انصاف کے جتھوں اور دہشتگردوں نے ریڈیو پاکستان پشاور سمیت سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری عمارتوں پر حملے کئے۔ ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو جلایا گیا، اس میں موجود تاریخی آرکائیو جلائی گئی اور قومی اثاثوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا جو کسی بھی صورت قابل معافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کا حکم دیا ہے، ہم نے تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا کہا ہے تاکہ مستقبل میں قومی قومی اثاثے محفوظ رہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کا دورہ کیا، وزیراعظم نے فاٹا یونیورسٹی کا افتتاح کیا اور قبائلی اضلاع کے ہونہار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کی ترقی کو روکنے اور چینی وزیراعظم شی جن پنگ کے دورہ کو منسوخ کرنے کےلیے ڈی چوک میں کنٹینر کھڑے کئے گئے، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا جبکہ سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لگائے گئے، اقتدار کی ہوس میں 25 مئی، لانگ مارچ اور زمان پارک میں پولیس پر پیٹرول بم سے حملے کئے گئے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا تاریخ میں پہلی بار نااہل وزیراعظم کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا اور اس کے بعد قانون سے بھاگنے کے لیے 9 مئی کو قومی املاک پر حملے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے چاغی کے ماڈل کو جلایا، ریڈیو اور اے پی پی کے دفاتر جلائے گئے، اس میں قیمی ریکارڈ ضائع ہوا اور یہ ناقابل معافی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کے لیے بجٹ مختص کیا ہے، ہم صوبائی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے بھی اس میں حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے آزادی میں حصہ لیا ہے، مجھے امید ہے کہ یہاں کے غیور عوام فسادی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مشیر وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن انجینئر امیر مقام کی سربراہی میں عوام کی خدمت جاری رہے گی، مسلم لیگ ن جوڑنے والی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں سینما ہال قائم کیا جا رہا ہے تاکہ پشاور کے لوگوں کو معیاری اور سستی انٹرٹینمنٹ ملے۔

اس موقع پر مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام، وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسن، سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور اعجاز خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔