پشاور،24 جولائی(اے پی پی): گورنرہاؤس پشاور میں نگران وزیراعلیٰ کے مشیر مطیع اللہ خان نے بحیثیت نگران صوبائی وزیر اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نامزد نگران صوبائی وزیر مطیع اللہ خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب پیر کو یہاں گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔
گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزیر مطیع اللہ خان کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں نگران صوبائی وزراء،فضل الٰہی،حامد شاہ،حاجی منظورآفریدی،ساول نذیرایڈوکیٹ،مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک،حاجی ہدایت اللہ خان، بخت نواز تھاکوٹ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، سرکاری محکموں کے انتظامی سربراہان سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔