پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کیلئے جدید طبی مشینری دستیاب ہے؛صوبائی وزیر جاوید اکرم

18

لاہور،03 جولائی ( اے پی پی ) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں طبی مشینری کا بنیادی کردار ہے اوریہ بات طمینان بخش ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کیلئے جدید طبی مشینری دستیاب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مئیو ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سی ٹی سکینر اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی تھیلیم سکین مشین کو مکمل فعال بنانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر صحت کو بریفننگ دی۔

نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئیو ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سی ٹی سکینر اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی تھیلیم سکین مشین کو فوری طور پر فعال بنایا جائے گا۔ یہ بات بہت اہم ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں مریض علاج کی بہتر سہولیات حاصل کرنے مئیو ہسپتال آتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مئیو ہسپتال میں آئی سی یو کو جلد مکمل فعال کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو جدید طبی مشینری کے ذریعے تشخیصی ٹیسٹوں کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ایڈیشنل سیکرٹری (پروکیورمنٹ)، سی ای او مئیو ہسپتال ڈاکٹر ہارون حامد، ایم ایس مئیو ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک، پروفیسر ابرار اشرف، ڈاکٹر سلمان کاظمی اور سی ٹی سکین مشین بنانے والی مختلف فرمز کے نمائندگان نے شرکت کی۔