چکی کے آٹے کی فی کلو 140جبکہ فلور ملز کے گندم کے آٹے کی فی کلو 125روپے مقرر

42

میرپورخاص، 07 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے میرپورخاص میں گندم کےآٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت کا نوٹس لیتے ہوئے  محکمہ خوراک ،بیورو آف سپلائی ، فلور مالکان اور چکی ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے اپنے دفترمیں اجلاس منعقد کیا اس موقع پر چکی ملز ایسوسی ایشن کے وفد اور فلور مل مالکان نے بتایا کہ سرکاری گندم  نہ ملنے کی وجہ سے گندم پرائیویٹ خرید کر رہے ہیں جس کی وجہ سے آٹا مہنگا فروخت ہو رہا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے یقین دلایا کہ سرکاری گندم کی فراہمی کے لئے سیکریٹری خوراک کو لکھا جائے گا .اس موقع پر محکمہ خوراک کے سپرنٹنڈنٹ میوو گیلرو نے بتایا کہ گذشتہ سال ستمبر تک 91 چکی مالکان کو سرکاری کوٹہ کے تحت گندم فراہم کی گئی تھی جبکہ رواں سال   3 لاکھ  میٹرک ٹن گندم خریداری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 73 ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری ہو سکی  ہے جو کہ 21.8 فیصد ہے محکمہ خوراک کی پالیسی کے تحت چکی   مالکان کو گندم فراہمی بند ہے . جس پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے کہا کہ محکمہ خوراک اورضلعی انتظامیہ میرپورخاص مل کر عوام کو رلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی . ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے چکی ملز ایسوسی ایشن  کے  باہمی مشاورت سے گندم کے فی کلو آٹے کی قیمت 140 روپے مقرر کر دیئے جبکہ فلور مل کا گندم کا  آٹا فی کلو 125 روپے مقرر کر دیا ہے .انہوں نےچکی ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو ہدایت کی کہ وہ آٹے کی فی کلو کی قیمت نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے . انہوں نے اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسين کانیہو کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ آٹے کی قیمت کا جائزہ لینے کے لئے چکی ملوں اور فلور ملوں کے دورے کریں . اجلاس میں اسٹنٹ کمشنر تعلقہ حسین بخش مری محمد یونس اور بیورو آف سپلائی کے نمائندوں نے شرکت کی .