سیالکوٹ۔7جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ہیڈ مرالہ کا دورہ کیا ، ممکنہ سیلاب کی صورت میں محکمہ آبپاشی اور دیگر محکموں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور بریچنگ سیکشن کا معائنہ کیا ، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ ہیڈورکس سے 11 لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کی گنجائش موجود ہے، ہیڈ میں 86 فیصد پانی دریائے چناب، 9 فیصد جموں توی جبکہ 5 فیصد مناور توی سے شامل ہوتا ہے ، ہیڈ مرالہ پر سیالکوٹ کے علاقوں کو پانی سے بچانے کے لیے حفاظتی بند کو محکمہ آبپاشی کے ماہرین نے معائنہ کر کے محفوظ قرار دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایئر پورٹ کو سیلاب سے بچانے کے لیے حکومت پنجاب نے تین کلو میٹر حفاظتی بند کا منصوبہ بنایا ہے تین ارب روپے لاگت کے اس منصوبے پر ابتدائی کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ پانچ لاکھ کیوسک پانی کی آمد کی صورت میں پاک فوج کو کال کی جاتی ہے ، ساڑھے سات لاکھ کیوسک پانی کی صورت میں اعلی سطحی کمیٹی کا بریچنگ کے لیے اجلاس بلایا جا سکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ پانی کی آمد و اخراج پر کڑی نظر رکھی جائے تمام ڈیپارٹمنٹ ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے لئے تیار رہیں۔











