ڈیرہ غازیخان، 21 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ڈی پی او حسن افضل کے ہمراہ قبائلی اضلاع اور پنجاب کی سرحدی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے بی ایم پی پوسٹ لکھانی،پل جھنگی،تریمن پر سکیورٹی معاملات کا جائزہ لیا اور بارڈر ملٹری پولیس،پنجاب پولیس،ایلیٹ فورس اور رینجرز کے جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے چیک پوسٹوں پر تعینات جوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری،حب الوطنی جذبہ سے انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بہتر کارکردگی پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گی اور وطن عزیز کیلئے ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس موقع پر ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ ہمارے جوان سرحدوں کے محافظ ہیں، انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت،دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہمارےجوانوں کا خاصا ہے اور سکیورٹی کے ساتھ سمگلنگ کو روکنا بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،پولیٹیکل اسسٹنٹ مشتاق احمد ٹوانہ،اسسٹنٹ کمشنر تونسہ طارق شبیر،میجر شہزاد،ایس پی انویسٹی گیشن بختیاراحمد،ڈی ایس پی تونسہ محمد فاروق اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔