ڈیرہ غازی خان،10 جولائی (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے حوالے کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے افسران ساتھ میٹنگ کی۔اس موقع پر سکیورٹی اقدامات، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کی جانب سے جاری کیئے گئے تھریٹ الرٹس، پیش آمدہ چیلنجز اور سابقہ غیرحل شدہ تنازعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں آر پی او نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے تمام اضلاع کی جانب سے کیئے گئےسکیورٹی کے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی مکمل نگرانی اور نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور مسکنوں پر غیر موجودگی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران اپنے اضلاع میں سی ٹی ڈی سمیت دیگر قانون نافد کرنے والے اداروں سے بروقت معلومات کا تبادلہ اور مکمل کوارڈینیشن رکھیں اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس پر فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ محرم الحرام کی مرکزی تقریب کے شیدولڈو روائتی اور لائسنسی پروگراموں کے سیکورٹی پلان بنائے جائیں جس میں ضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان کی مشاورت کواہمیت دی جائے اورپہلے سےطے شدہ معاہدوں اور جاری شدہ ضابطہ اخلاق پرمکمل عمل درآمد کرایا جائے۔ ڈی پی اوز شیڈولڈ روائتی اور لائسنسی پروگراموں کے روٹس کا آن گراؤنڈ خود معائنہ کریں۔ روٹ اور مقررہ کردہ اوقات کی مکمل پابندی کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں ،مجالس اورجلوسوں کے گردونواح کے علاقہ جات میں سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں۔











