ڈیرہ غازی خان،10 جولائی (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام انتظامات بارے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے اپنے محرم الحرام کے پلان ڈی سی آفس میں جمع کرائیں،اس مرتبہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر محرم الحرام کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محرم روٹس میں تعمیرومرمت کا کام بروقت مکمل کیا جائے،مجالس اور جلوس کے روٹس پر ٹریفک نظام بہتر کیا جائے۔اس کے علاوہ صفائی و ستھرائی،پارکنگ،پیچ ورک،ہیلتھ مراکزپر اضافی بیڈز کو یقینی بنایا جائے۔
مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر تمام محکموں کے افسران تیار رہیں،سٹریٹ لائٹس بحال،گٹروں پر ڈھکن،نالوں پر سلیبز رکھی جائیں،تمام افسران موقع پر شہروں میں انتظامات کو چیک کرنے کے پابند ہونگے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران سے اقدامات بارے بریفنگ بھی لی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،پولیٹیکل اسسٹنٹ مشتاق احمد ٹوانہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،ایمرجنسی آفیسر احمد کمال،سی ڈی او خالد کریم قریشی،سی اوزجواد الحسن گوندل،آصف قریشی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس،ایس این اے زبیر خان،حق نواز سمیت دیگر افسران موجود تھے۔











