ڈیرہ غازی خان،14 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کپاس کی اچھی پیداوار سے نہ صرف کسان خوش حال ہو گا بلکہ ملک بھی ترقی کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فلڈ، پرائس کنٹرول، کپاس اور سرکاری واجبات وصولی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کی امدادی کارروائیوں کیلئے ضلعی و تحصیل کنٹرول رومز ایکٹیو کئے جائیں اور اسسٹنٹ کمشنر ڈی جی خان اور تونسہ میں ممکنہ فلڈ کے حوالے سے تیاریاں مکمل رکھیں۔
مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ کسانوں کو کپاس کے بہتر معاوضہ کیلئے میکانزم بنایا جائے اور کھادوں کی دستیابی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ زیرالتواانتقالات کو فوری کلیئر کیا اور اسکی باقاعدگی سے رپورٹ بھی دی جائے تاکہ زمینداروں کی سیلف اسسمنٹ اور ٹیکنیکل مسائل کوحل کیا جائے ۔انہوں نےکہا کہ آبیانہ،ایف بی آر ٹیکسز کے نادہندگان کو گرفتار کیا جائے اور حکومتی واجبات وصول نہ کرنیوالوں سٹاف سے رعایت نہیں برتی جائیگی۔
اجلاس میں ریکوری کے حوالے سے ریونیو افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر، محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،طارق شبیر،احمد رضا،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جواد الحسن گوندل،غلام محمد،زبیر خان اور دیگر موجود تھے۔











