ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے”پیغام پاکستان“کا فروغ وقت کی ضرورت ہے؛مولانا سید محمد عبدالخبیر

13

ڈیرہ غازی خان،14 جولائی (اے پی پی): چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے”پیغام پاکستان“کا فروغ وقت کی ضرورت ہے،قیامِ امن کیلئے علمائے کرام کو حکومت سے بھرپور تعاون کرنا ہوگا،افواج پاکستان ودیگر سیکورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دیکر ملکی دفاع کو مضبوط کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اتحاد بین المسلمین کے وفد ہمراہ ڈیرہ غازی خان کے دورے کے موقع پر امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبائی اتحاد بین المسلمین کا وفد  ڈیرہ غازی خان کا دورہ کر رہا ہے اور ہمارا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیمات اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے”پیغام پاکستان“کا فروغ وقت کی ضرورت ہے،قیامِ امن کیلئے علمائے کرام کا حکومت سے بھرپور تعاون وقت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں علمائے کرام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں،اشتعال انگیز تقاریر اور کسی کی دل آزاری سے گریز کیاجائے،پیغام پاکستان امن کی علامت ہے،ہم مل جل کر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے۔

سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام میں قیام امن کیلئے صوبہ بھر کا دورہ کررہے ہیں،افواج پاکستان ودیگر سیکورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دیکر ملکی دفاع کو مضبوط کیا ہے،ہم تمام مکاتب فکر کو ساتھ لیکر امن کیلئے نکلے ہیں۔

انہوں نے نے کہا کہ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور محرم الحرام کے ماہ مقدس میں سیدنا فاروق اعظمؓ و سیدنا امام حسینؓ کی شہادت سے ہمیں صبر و قربانی اور اخوت کا درس ملتا ہے،ہماری مشترکہ کاوشوں کی بدولت محرم امن و خیریت سے گذرے گا۔تمام علمائے کرام امن و محبت کا درس دیں،دشمنوں،تخریب کاروں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور محراب و منبر سے کسی بھی فرقہ کی دل آزاری نہ کی جائے۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ وہ سفیر امن کے قافلے کو خوش آمدید کہتے ہیں،چاروں صوبوں کی سرحدوں سے منسلک ڈیرہ غازیخان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا قائم ہے،علمائے کرام کے تعاون سے ملکی سلامتی کو یقینی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے۔

کمشنر  نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈویژن کی انتظامیہ کو قیام امن کیلئے مکمل اختیارات تفویض کئے ہیں تاہم علماء کے تعاون سے ہی امن کی فضا برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،خالد پرویز،ڈی پی او حسن افضل،ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام موجود تھے۔