ڈیرہ غازی خان،07 جولائی (اے پی پی):ڈی پی او حسن افضل نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے،جلوسوں اور مجالس کے دوران بڑی تعداد میں نفری تعینات کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ میں کیا۔
ڈی پی او نے میٹنگ میں محرم الحرام کے دوران ضلع کی سیکورٹی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے موقع پر مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے اور فول پروف سکیورٹی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں کو خاردار تاروں اور رکاوٹوں سے محفوظ بنایا جائے اور شرکاءکو میٹل ڈیٹی کٹرز اور واک تھرو گیٹس سے چیک کیا جائے۔
حسن افضل نے کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں، امن و امان کی صورت حال قائم رکھنے کے لئے ممبران امن کمیٹی بہترین اور مثالی کردار ادا کریں، ہمار ا مقصد مل کر پر امن ماحول فراہم کرنا اور امن و امان قائم رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری اور امن و امان کی صورت حال قائم رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن بختیار احمد، ڈی ایس پی سرکل ہائے، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ اوز، انچارج سیکورٹی اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔