ڈیرہ غازی خان،12 جولائی (اے پی پی ) :ڈویژن میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر کنٹرول روم قائم کردیا گیاجو 24 گھنٹے این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے کے علاوہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہے گا،اس حوالے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
کمشنر نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام محکمے الرٹ رہیں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے ،ڈویژن سطح پر ان کے آفس میں بھی کنٹرول روم قائم کردیا ہے جو تین شفٹوں میں ہفتہ کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ 0649260499 پر قائم کنٹرول روم این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے،چاروں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں سے سیلاب سے متعلق باقاعدگی معلومات لے گا۔
ان کے مطابق دیگر محکمے بھی اپنے فوکل پرسنز مقرر کریں تاکہ ضرورت کے وقت رابطہ کیا جاسکے۔ محرم الحرام کے دوران بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاءبرقرار رکھنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ڈویژنل،ضلعی اور تحصیل امن کمیٹی کے اراکین فعال کردار ادا کریں،باہمی تنازعات مل بیٹھ کر حل کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران بھی باقاعدگی سے مراکز صحت کے معائنے جاری رکھیں صفائی،ضروری ادویات کی موجودگی اور سٹاف کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق بروقت حاضری یقینی بنائی جائے ، چیف سیکرٹری پنجاب کے 26 اٹھائے گئے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ،سرکاری فرائض کی انجام دہی اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔











