گوجرانوالہ،25جولائی(اے پی پی):سمبڑیال، انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے کروڑوں روپے کے آئی فون سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، کسٹم حکام کےمطا بق سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرشارجہ سے سیالکوٹ آنے والی فلائٹ نمبر PK-210 سے پی آئی اے کے فلائٹ سٹورڈ عدیل اکرم کی طرف سے 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے آئی فون سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موبائل فونز تحویل میں لےلیے ہیں اور فلائیٹ اسٹورڈ عدیل اکرم کو حراست میں لے لیا ہے ۔
قبضہ میں لیے جانے والے موبائلز پر چالیس لاکھ کسٹم ڈیوٹی واجب الادا بنتی ہے۔ کسٹم کی حراست میں ملزم عدیل اکرم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھی ملازمین فیصل اور منیر کے ساتھ مل کر سمگل شدہ آئی فون لاہور ،کراچی کی موبائل مارکیٹوں میں فروخت کرتا تھا۔
کسٹم حکام نے ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ کا اندراج کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں ۔











