گوجرانوالہ،16جولائی (اے پی پی): گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش تین گھنٹے سے جاری ہے،سب سے زیادہ 113ملی میٹر بارش ماڈل ٹاؤن کے علاقہ میں ریکارڈ کی گئی، کمشنر کی ہدایت پر واسا کے افسران اور سٹاف نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
صبح بارش کا آغاز 6بج کر 40 منٹ پر ہوا، جس نے جل تھل کر دیا۔ واسا کنٹرول روم نے بارش کا پہلا سپیل 8 بج کر 10منٹ تک مختلف علاقہ جات، جن میں لیاقت باغ سرکل، بارش 84 ملی میٹر، شیرانوالہ باغ سرکل، 79 ملی میٹر اور ماڈل ٹاؤن سرکل میں 82 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ اوسطاً بارش 82ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
بارش کے تسلسل کے باعث مون سون کنٹرول روم واسا نے دوسرا سپیل 9بج کر 25 منٹ تک ریکارڈ کیا جسمیں گھنٹہ گھر سرکل، بارش 138 ملی میٹر، سیٹلائٹ ٹاؤن 105ملی میٹر، سیالکوٹ بائی پاس سرکل 78ملی میٹر، لیاقت باغ سرکل، 124 ملی میٹر، شیرانوالہ باغ سرکل، 97ملی میٹر اور ماڈل ٹاؤن زون میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس طرح 3گھنٹے کے بعد کل بارش اوسطاً 111ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سب سے زیادہ بارش 113 ملی میٹر ماڈل ٹاؤن سرکل میں ریکارڈ ہوئی۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کی ہدایت پر ایم ڈی واسا عامر عزیز، ڈائریکٹر انجینئرنگ کاشان بٹ اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود ہیں، ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ بارشی پانی کی مکمل نکاسی تک خود اور عملہ فیلڈ میں موجود رہیں گے۔











