آزاد اسلامی مملکت کا حصول ہمارے اسلاف کی قربانیوں ، فکرِ اقبال اور جدوجہدِ قائد کا مرہونِ مِنت ہے؛ آئی جی پی اختر حیات خان

3

پشاور،14اگست(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع اور مٹی کی خاطر خیبر پختون خوا پو لیس کی لازوال قربانیوں کی پوری دنیا  معترف ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کا ہر ایک افسر و جوان اپنے خون کے آخری قطرے تک میدان جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 76 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ائیر فورس نادرن ایئر کمانڈ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پولیس فورس کے غازیوں کی ایک کثیر تعداد کو خصوصی طور پر مدعو کیاگیا تھا، جہاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ان کی شاندار اور گراں قدر خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ جشن آزاد ی پاکستان کا خوبصورت دن وہ ہے، جب متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کو انتھک محنت اور کوششوں اور قربانیوں کی نتیجے میں یہ خطۂ آرض نصیب ہوا۔ ان کہنا تھا کہ آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے اور آزاد فضاء میں لی گئی ایک سانس ،غلامی کے ہزاروں دنوں سے بہتر ہے۔

آئی جی پی نے کہا کہ علیحدہ مملکت کے قیام کے لیے ہمارے آباﺅ اجداداور بزرگوں نے بیش بہا قربانیاں دیں، ہماری آزادی کا ہر باب خون سے رنگین ہے، ہمارے شہداءنے اپنے لہوسے اس وطن کی بنیاد رکھی۔ انہوں  نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کو ہماری آزادی ایک آنکھ نہیں بھائی اوروہ آج بھی ریاست کی بنیادیں کھوکھلی کرنے پر تُلے ہوئے ہیں تاہم آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاع وطن کے لیے قربانیوں کا سلسلہ ہر قیمت پر جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج، فضائیہ ، پولیس اور دیگر فورسز حتیٰ کہ ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے وطن کے سپوت  آزادی کی آبیاری اپنے خون سے کررہے ہیں۔

آئی جی پی نے خیبر پختونخوا پولیس کے غازیوں کی وطن کے دفاع کے لیے کوششوں اور قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان غازیوں نے مٹی کے خاطر لڑتے ہوئے اپنے ساتھیوں کی جدائی برداشت کی، اپنے بدن کے قیمتی اعضاء سے محروم ہوئے مگر حوصلہ نہیں ہارا اور اب بھی زخمی ہونے کے باوجود میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

آئی جی پی نے یوم آزادی کی تقریب میں پولیس غازیوں کو مدعو کرنے پر ائیر آفیسر کمانڈنگ حاکم رضا (ستارۂ امتیاز ملٹری) اور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

 قبل ازیں ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن کمانڈ  جناب حاکم رضا (ستارۂ امتیاز ملٹری )نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ائیر چیف مارشل پاک فضائیہ ظہیر بابر سِدھو (ستارۂ امتیاز ملٹری) کیجانب سے پولیس ویلفئیر کیلئے 100 ملین روپے عطیے کا   چیک بھی آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان کے حوالے کیا۔