لاہور، آگست 23(اےپی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں انٹیگریٹڈ بائیو بی ہیورل سرویلنس ٹریننگ سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت۔اس موقع پر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، وائس چانسلر نیشنل سروسز اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فاروق احمد اور ٹرینی مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیماری پر قابو پانے کیلئے اعدادوشمار کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ انتہائی اہم ٹریننگ سیشن کے انعقاد پر ڈاکٹر شہزاد علی خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا۔ ہمارے معاشرے میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو اچھوت سمجھا جاتا ہے۔ ایچ آئی وی ایڈز کے خاتمہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کہا کہ ہمیں ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو چھپانے کی بجائے اس کے علاج پر توجہ دینی چاہئے۔ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کیلئے سائنٹیفک ریسرچ کا سہارا لینا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ آج ٹریننگ حاصل کرنے والے بچے ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے میں کردار ادا کریں گے۔ ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو کمتر نہیں سمجھنا چاہئے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ نیشنل سروسز اکیڈمی کی ریسرچ ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے میں مدد دے گی۔











