ڈیرہ غازی خان ،23 اگست (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت دی ایجوکیٹر پولیس پبلک سکول ڈیرہ غازی خان کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سکول کے تمام انتظامی، تعلیمی، مالی معاملات سمیت جاری ترقیاتی سکیموں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اس دوران سکول میں زیر تعلیم بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور، نئے سکول ٹیچرز کی بھرتی و تنخواہیں اور زیرتعلیم بچوں کی فیسوں سے متعلق معاملات بھی زیر غور لائے گئے۔
اس موقع پرآر پی او نے کہا کہ سکول میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ بچوں کو اچھے ماحول میں معیاری تعلیم حاصل ہو،بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیاں ،تقریری مقابلے اور کھیلوں کی سرگرمیاں کرائی جائیں تاکہ بچوں کی بہتر ذہنی نشوونما ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کی کارکردگی کو باقائدہ مانیٹر کیا جائے۔ آر پی او نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان حسن افضل ،ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن خالد محمود، سعدیہ حنیف پرنسپل دی ایجوکیٹر سکول، فیض اللہ خان ترین، (ماہر تعلیم) پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس فار بوائز ڈی جی خان بطور ممبربورڈ شریک ہوئے۔











