اسلام آباد،2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ماڈل سٹڈی سینٹر کے قیام کا افتتاح کر دیا ہے ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فروغ تعلیم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک مقدس مشن ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں ریجنل نیٹ ورک کی توسیع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، فیکلٹی ممبران، پرنسپل آفیسرز اور تقریب میں آن لائن شریک ریجنل ڈائریکٹرز سے اپنے خطاب میں کہا کہ ریونیو اکٹھا کرنا ہمارا مقصد نہیں، بچوں کو پڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی ملک سے ناخواندگی کے خلاف جہاد کررہی ہے، اس حوالے سے یونیورسٹی نے بلوچستان، قبائلی اضلاع(ضم شدہ فاٹا)اور گلگت بلتستان میں میٹرک کی تعلیم مفت کررکھی ہے۔
ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے طلبہ کو فیسوں میں رعایت فراہم کرنے کے لئے6کروڑ روپے مختص کررکھے ہیں جس میں 2کروڑ روپے صرف بلوچستان کے طلبہ کے لئے رکھے گئے ہیں۔
کوئٹہ کے ریجنل ڈائریکٹر کے مطالبے پر وائس چانسلر نے بلوچستان کے طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت پہلے سمسٹر سے دینے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وائس چانسلر نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے بلوچستان اور اندرون سندھ فروغ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے شرکاکو بتایا کہ یونیورسٹی کے داخلوں کی تعداد ہر سمسٹر میں بڑھ رہی ہے اور انٹرنیشنل طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا بھر کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے تعلیم حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کے قیام سے چاغی کے لوگوں کو بہت فائدہ حاصل ہوگا، تعلیم و تدریس کی سہولتیں انہیں اب گھر کی دہلیز پر دستیاب ہوں گی جو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کانعرہ بھی ہے۔
تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان اور ڈائریکٹر ایڈمن پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ نے بھی خطاب کیا۔











