بھکر،29 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان تسلسل کیساتھ سبزی و پھل منڈی میں بولی کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں، جس کا بنیادی مقصد کم سے کم نرخوں میں سبزیوں اور پھلوں کی عام مارکیٹ تک رسائی یقینی بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بولی کے عمل کے دوران آلو ،پیاز،ٹماٹر اور مختلف سبزیوں کے نرخوں میں مجموعی طور پر 25سے 30 روپے کی کمی کیساتھ سرکاری نرخنامہ اپنی موجودگی میں جاری کروایا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کا عملہ عام مارکیٹ میں معیاری سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل کو یقینی بنائے اور ناقص سبزی وپھلوں کی عام مارکیٹ میں ترسیل ہرگز نہ ہونے دی جائے۔انہوں نے کہا کہ منڈی میں اشیاء کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا، اس سلسلہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی مکمل ویجی لینس کیساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کیلئے ذیادہ سے ذیادہ حقیقی معنوں میں مارکیٹ ریلیف کی دستیابی کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔











