تھرپارکر،05 اگست(اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع تھرپارکر میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور یوم استحصال کشمیر منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر عبدالحمید مغل کی قیادت میں نیشنل بینک مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالحمید مغل نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کو منانے کا مقصد مظلوم کشمیریوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرانا اور اقوام عالم کو بتانا ہے کہ کشمیر کے ساتھ ہونے والے مظالم بند کئے جائیں ، بھارت نے کشمیر پر جو غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اس کو ختم کروایا جائے اور کشمیری بھائیوں کا حق خودارادیت تسلیم کیا جائے۔
عبدالحمید مغل نے کہا کہ کشمیری بھائیوں نے اپنے حقوق کی جدو جہد میں بہت قربانیاں دی ہیں اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ریلی کے دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور انشاءاللہ بہت جلد مظلوم کشمیری بھائیوں کو آزادی ملےگی اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی آزاد فضا میں سانس لے سکے گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا بھی ہے کہ ہم آزادی کی جدو جہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور نوجوان نسل کو ہم نے آگاہی دینی ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظلوم کشمیریوں اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بھی لگائے گئے۔
ریلی میں ایڈیشنل ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر بھرت کمار ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کیلاش، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد یعقوب، پی پی ایچ آئی تھرپارکر کے ڈسٹرکٹ نیوٹریشن آفیسر تارا چند، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مٹھی کے پرنسپل انور ساہڑ، بوپاری ایسوسی ایشن کے صدر شام سندر ،سماجی تنظیموں، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سمیت سول سوسائٹی اور اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











