حیدرآباد، 5 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا ہے کہ آج 5 اگست ہے اور یہ دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں کشمیریوں کے استحصال کاایک اور سیاہ باب ہے۔
وہ آج یوم استحصال کے موقع پر شہباز بلڈنگ حیدرآباد سے پوسٹ ماسٹر جنرل تک نکالی جانیوالی ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یوں توتاریخ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے اور مظلوم کشمیریوں پر جبرو بربریت سے بھری پڑی ہے لیکن آج سے چار سال قبل بھارت نے ناجائز اور غیر آئینی اقدام کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی۔ اس بھارتی اقدام سے مظلوم کشمیریوں کے تمام حقوق غصب کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا کہ غاصب بھارت کے اس اقدام سے نہ صرف کشمیریوں کوان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی بدترین کوشش کی گئی بلکہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کوبھی سلب کیاگیا۔ انہوں نے تمام عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری مسلمانوں کو اپنا حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر حیدرآباد فرخ شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد شکیل احمد ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو قائم اکبر نمائی، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد فراز احمد صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی حتف سیال کے علاوہ سماجی تنظیموں کے نمائندوں، اساتذہ اور طالب علموں نے شرکت کی۔











