دریائے ستلج میں پانی کی سظح بلندہونے کے بعد ریسکیو 1122 کی امدادی سرگرمیاں جاری

6

گوجرانوالہ،28 اگست(اے پی پی): دریائے ستلج میں پانی کی سظح بلندہونے کے بعد ضلع قصور اور اوکاڑہ کے گردونواح میں سیلابی صورتحال، سیکرٹری /بانی ڈ ائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد کی زیر نگرانی ڈویژن گوجرانوالہ سے ضلع سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور نارووال کی ریسکیو ٹیم ضلع قصور جبکہ حافظہ آباد سے ریسکیو ٹیم ضلع اوکاڑہ میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہیں ہیں۔ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز کی قیادت میں ڈویژن بھر سے 28ریسکیو کشتیاں بمعہ ساز و سامان ا ور80ریسکیورزسیلابی صورتحال کے بعد ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

 ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے بتایا ڈویژن گوجرانوالہ کی ریسکیو ٹیموں نے سیلابی علاقوں میں پھنسے تقریبا 10ہزار سے زائد لوگوں کو ضلع قصور سے جبکہ 700لوگوں کو ضلع اوکاڑہ سے ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔ اس کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں کے جانوروں اور املاک کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا ہے، اور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ ریسکیورز ضلعی حکومت کے ساتھ ملکر نہ صرف ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں بلکہ ریلیف کے کاموں میں بھی مدد مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیکرٹری/ بانی ڈائریکٹر جنرل کی سرپرستی میں ریسکیو1122عوام الناس کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہے اور حالات نارمل ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔