سرگودھا،5اگست (اے پی پی):وزیر مملکت صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ سرگودھا ڈویژن کو معاشی و صنعتی زون میں تبدیل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔
ہفتہ کو سمال انڈسٹریل پاکستان فرنیچر حب اور سمال انڈسٹریز کا سنگ بنیاد کی تقریب سے وزیر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا میں آسیانوالہ کانڈیوال روڈ پر سرگودھا سمال انڈسٹریل پاکستان فرنیچر ہب اور سمال انڈسٹریز کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ تسنیم احمد قریشی نےکہا کہ سرگودھا ڈویژن کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اور صنعتوں کو بڑھانے کے بعد منی اکنامک اینڈ انڈسٹریل زون میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بڑی تعداد میں بے روزگار افراد کو روزگار ملے گا۔
وزیر مملکت صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدورں کی جماعت ہے اوریہ قرض کی بجائے کاروبارپر یقین رکھتی ہے، اسی وجہ سے تمام ترتوجہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مرکوز کی جارہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کسان اورمزدورکی فلاح کے لیے کام کیا ہے، پاکستان کی 70 فیصد آبادی کا تعلق زراعت پیشہ افراد سے ہے ،کسان مضبوط ہوگا توپاکستان مضبوط ہوگا۔
پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے آپریشن منیجر فہد نصیر نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انڈسٹریل زون کا منصوبہ 800 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا اور اس میں ہر قسم کی چھوٹی صنعتیں بشمول فرنیچر، کارخانے اور دیگر صنعتیں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگودھا کی تاریخ میں چھوٹی صنعتوں کا پہلا میگا پراجیکٹ ہو گا جس کا مقصد چھوٹے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور صنعتی حب سے وافر آمدنی حاصل کرنا ہے۔
فہد نصیر نے کہا کہ جو سرمایہ کار اپنا پیسہ مختلف کاروباروں میں لگائیں گے انہیں دس سال تک ٹیکس فری کی سہولت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے سرگودھا کو صنعتی زون بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر تسنیم قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے افسران، سرگودھا چیمبر آف کامرس کے ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔