اسلام آباد،5اگست (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ نے متفقہ طور پر “زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2023” منظور کر لیا ہے۔
ہفتہ کو کمیٹی کا اجلاس یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے “زکوٰۃ و عشر (ترمیمی) بل 2023” کے نام سے بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ یہ بل وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے پیش کیا۔ وزارت برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ کے سیکرٹری یوسف خان نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سے 2019 میں زکوٰۃ و اور عشر کا نظام تخفیف غربت اور سماجی تحفظ نئی بنائی گئی وزارت کومنتقل کر دیا گیا۔ تاہم متعلقہ وزارت موضوع کی منتقلی میں قانونی رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہے اور اس ترمیم کا واحد مقصد ان قانونی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
اجلاس میں سینیٹر دانش کمار، سینیٹر مولوی فیض محمد، سیکرٹری برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ یوسف خان اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔