بدین؛ صوبائی مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو کا نو تعمیرریسکیو اسٹیشن ہیڈ کوارٹر کی عمارت کا افتتاح

37

بدین،05 اگست (اے پی پی ): صوبائی مشیر برائے بحالی اور ریلیف حاجی رسول بخش چانڈیو نے بدین میں ریسکیو اسٹیشن ہیڈ کوارٹر کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کا افتتاح کر دیا ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلال بھٹو زرداری ،کو چئیرمین آصف علی زرداری ،ادی فریاد تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کوششوں سے بدین کے لوگوں کو ریسکیو ہیڈکواٹر کا پروجیکٹ ملا ہے، ریسکیو ہیڈکواٹر سندھ کے 6 ڈویژن ہیڈکواٹرز میں کام کر رہا ہے جبکہ سندھ کے 13 اضلاع میں ریسکیو ہیڈکواٹر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ہیڈکواٹر میں فائر فائیٹر، ایمبولینس ،کشتیاں اور کرین بھی موجود ہونگی ،اس وقت سندھ میں ریسکیو 1122 کی 230 ایمبولینسز کام کر رہی ہیں ان جدید ایمبولینسز میں ای سی جی مشین ،آکسیجن اور دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی تاج محمد ملاح اور پیر نوراللہ قریشی نے کہا کہ بدین ہر سال کسی نا کسی قدرتی آفت کا شکار ہوتا ہے اس لیے بدین میں ریسکیو ہیڈکواٹر کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی مشیر حاجی رسول بخش چانڈیو کی ذاتی کوششوں سے یہ ریسکیو ہیڈکواٹر تعمیر ہو رہا ہے۔

تقریب کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ریسکیو سندھ ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ نے بتایا کہ 24 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ عمارت ایک سال میں مکمل ہو جائے گی ،ریسکیو اسٹیشن ہیڈکواٹر کی کل اراضی 36 ہزار اسکوائر فٹ ہے جبکہ 10 ہزار 4 سو 30 اسکوائر فٹ پر عمارت تعمیر کی جائے گی، اس عمارت میں 3 عدد ایمبولینس ،4 فائرفائیٹر کی گاڑیاں، ایک 80 ٹن والی کرین ہے ،یہ تمام گاڑیاں ایک ہی وقت میں اس عمارت میں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔

تقریب میں چیئرمین میونسپل بدین پیر صالح قریشی ،وائس چیئرمین علی اکبر میں ،ڈپٹی ڈائریکٹر پروجیکٹ محمد اسلم لغاری شاہنواز سمون اور دیگر سیاسی سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔