شیخو پورہ،22 اگست (اے پی پی ): پولیس ان ایکشن، پچھلے 15 دنوں کے دوران مختلف پولیس مقابلوں میں 12 خطرناک ڈکیت گینگ، اغواءبرائے تاوان اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار کو پہنچا دیا۔
جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ریجن بابر سرفراز الپا ، ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر شیخوپورہ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران سٹی سرکل پولیس اور ڈاکووں کے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران بدنام زمانہ خطرناک ڈاکو ابرار مسیح ہلاک جبکہ اس کا حقیقی بھائی ارجن مسیح کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے ایس پی انوسٹی گیشن رانا غلام عباس، ایڈیشنل ایس پی فرحت عباس، ڈی ایس پی سٹی سید زاہد حسین شاہ گیلانی، ایس ایچ او ثمر عباس ڈوگر، ایس ایچ او بی ڈویژن نوید اشرف ،انچارج سکیورٹی میاں منظور احمد ،پی آر او واجد عباس کے ہمراہ فرنٹ لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے دونوں حقیقی بھائی ہیں اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں اور ہلاک ہونے والا ڈاکو ابرار کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔ آج دونوں مسلح بھائیوں نے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کلاشنکوف اور پسٹل سے ایک واردات کی، اسی دوران پولیس کو اطلاع ملی تو ڈولفن فورس کے جوانوں نے لیاقت ہائی سکول کے قریب ان کو روکنے کا اشارہ کیا جہاں ان دونوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جہاں وہ جوان محفوظ رہے تاہم ڈاکو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قریب پہنچ گئے ،ڈی ایس پی سٹی سید زاہد حسین شاہ گیلانی کی نگرانی میں ایس ایچ او اے ڈویژن ثمر عباس ڈوگر ایس ایچ او بی ڈویژن نوید اشرف نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو ابرار مسیح موقع پر ہلاک جبکہ اس کے حقیقی بھائی کو مخدوش حالت میں لاہور میو ہسپتال ریفر کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔مذکورہ ڈکیت گینگ سے نقدی ، قیمتی موبائل فون، کلاشنکوف اور پسٹل کے علاوہ سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
یہاں یہ عمل قابل ذکر ہے کہ ضلع شیخوپورہ کے مختلف تھانوں نارنگ منڈی2، شرقپور شریف2، بھکھی2، فیکٹری ایریا1، صدر شیخوپورہ 4اور سٹی اے ڈویژن شیخوپورہ میں(1) ٹوٹل 12 خطرناک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ہلاک ہو گئے اور وہ اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئے، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔











