فیصل آباد،15 اگست (اے پی پی ): ضلع میں نگران حکومت پنجاب کے انقلابی اقدام”اب گاﺅں چمکیں گے”پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلہ میں چک 80 ج۔ب کی یونین کونسل 158نانک سر میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھاکر یونین کونسل میں اب گاﺅں چمکیں گے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اب گاﺅں چمکیں گے پروگرام دیہاتوں کی تقدیر بدل دے گا جس کی کامیابی کے لئے اہل گاﺅں کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ابتدائی طور پر اس پروگرام کے لئے آٹھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس میں بتدریج اضافہ بھی ہوگا۔
ڈی سی نے بتایا کہ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے مینجمنٹ سب کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو عملدرآمد کی نگرانی کرے گی اور گاﺅں سے کوڑا کرکٹ کو ایک مقام پر منتقل اور بعدازاں ڈمپ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل سیکرٹری سمیت نمبردار ، چوکیدار کمیٹی کے اہم رکن ہونگے اور یونین کونسل کے چکوک میں مرحلہ وار صفائی آپریشن ہوگا ۔تجاوزات کا صفایا اور شجرکاری بھی اسی پروگرام کا حصہ ہوگی، وسائل کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کار لاکرعوامی خدمت پر صرف کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ دیہاتوں میں صفائی کا کوئی پروگرام نہ تھا لیکن نگران وزیراعلیٰ کے وژن پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے جامع پلان وضع کیا اور آج ان کے آبائی دیہات سے ہی اس کا افتتاح کیا گیا ہے۔انہوں نے عملہ صفائی میں یونیفارم بھی تقسیم کئے اور کہا کہ وہ یونیفارم میں ڈیوٹی انجام دیکر “اب گاﺅں چمکیں گے “پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے گاﺅں کی یونین کونسل کی گلیوں کا بھی دورہ کیا اور پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے پروگرام کے اغراض ومقاصد سے تفصیلی آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر کامران صغیر،چیف آفیسر ضلع کونسل عمران سندھو،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری خالد محمود،لوکل گورنمنٹ کے دیگر افسران،نمبردار،چوکیداراور یونین کونسلز کا سٹاف بھی موجود تھا۔