لاہور،17اگست (اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہوربلال صدیق کمیانہ سے تاجروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کے 9 رکنی وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی دارالحکومت کے تھانوں کی تزئین وآرائش اور تعمیراتی کام کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاجر کمیونٹی نے لاہورکے تھانوں کی تزئین و آرائش میں تعاون کی پیشکش کی۔ ملاقات میں سٹیزن پولیس لائزان کمیٹی کے تحت ترقیاتی کام سے متعلق مشاورت کی گئی اورملاقات میں پولیس آرڈر کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی امور کو قانونی حیثیت دینے پر غور کیا گیا۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق تھانہ مزنگ اور سول لائنز کی 5 دنوں میں ترئین و آرائش مکمل کی گئی۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے علیحدہ سیکشن مختص کیا جائے گا۔
ملاقات میں ہفتے کے روز سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لاہور کے تھانوں کی تزئین و آرائش اورورکنگ انوائرنمنٹ اور آٹ لک کو بہتر بنانے کافیصلہ کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس تاجر برداری کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے، تاجربرادری کو پر امن ماحول فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
تاجررہنمائوں نے صوبائی دارالحکومت میں جرائم کے خاتمے میں لاہور پولیس کے کردار کو سراہا۔
وفد میں ایس ایس پی(ڈسپلن) توقیر محمد نعیم اور ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف نے شرکت کی۔ ملاقات میں شیخ ابراہیم، وقار احمد، فضل جاوید، نثارچوہدری، عمر چوہدری،عابد سعد پال، مشتاق احمد،سید مظفر عباس کاظمی اور محمد یوسف شامل تھے۔