مظفرگڑھ،04 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا کہ حکومت پنجاب کپاس کی بہترین پیداوار کےلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نے علی پور شمالی اور لنگر سرائے میں کپاس کی فصل کا معائنہ کرنے کے دوران کیا، انہوں نے کپاس کی کاشت اور اس کی نگہداشت کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی اچھی پیداوار سے ملکی معیشت میں مدد ملے گی۔حکومت پنجاب کپاس کی بہترین پیداوار کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، کپاس کی نگہداشت اور حفاظت کے لیے کاشکاروں کی رہنمائی کی جائے۔کپاس کی فصل کو کیڑے مکوڑوں اور سنڈیوں سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق نے بتایا کہ امسال ضلع مظفرگڑھ میں 30 من فی ایکڑ اوسط پیداوار متوقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران فیلڈ میں کپاس کی فصل کی نگرانی کریں۔ کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کی صاف چنائی،ذخیرہ اور ترسیل بارے رہنمائی میں بہتری لائی جائے۔