ملتان، جڑانوالہ میں مسیحیوں پر ظلم وستم کی پر زور مذمت کرتے ہیں، یوسف سوہن

11

ملتان، 21 اگست ( اےپی پی): کیتھولک بشپ آف ملتان قومی کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی کے چیئرمین بشپ یوسف سوہن نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں مسیحیوں پر ظلم وستم کی پر زور مذمت کرتے ہیں جس میں 22 مختلف گرجا گھروں اور ان میں موجود تمام مذہبی کتب کو خاکستر کر دیا گیا اور وہاں کے مسیحیوں کے گھروں میں لوٹ مار کر نے بعد نذر آتش کر دیا گیا اس واقع نے پرانے زخم ہر کر دیئے کیونکہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہوا اس سے قبل بھی شانتی نگر،قصور اور دیگر شہروں اور گاوں میں ایسے واقعات دہرائے جا چکے ہیں میں بحیثیت چیئر مین قومی کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی ان واقعات، کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں دوفریقوں کے درمیان معمولی تکرار کوذاتی رنگ دے کرمعصوم نہتے اور پرامن مسیحی شہریوں کی املاک کو جلا کر راکھ کا ڈھیر بنادیا۔ میں اپنے دیگر بشپ صاحبان کے ساتھ بذات خودوہاں کا دورہ کر کے آیا ہوں جس کا مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہم جڑانوالہ کے مسیحیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کر تے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم کمیونٹی سے علامہ ڈاکٹر محمد ارشد علی بلوچ ،علامہ سید مجاہد عباس گردیزی ،پروفیسر عبد الماجد وٹو ، علامہ عبد الحنان حیدری ،فادر افتخار مون ،فادر یعقوب فاروق ،فادر ڈانیئل ،فادر سلیمان سمیت دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بشپ یوسف سوہن نے مزید کہا ہے کہ مسیحی لوگ امن پسندلوگ ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ مسیحی کمیونٹی نے ہمیشہ ملک وقوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس واقعہ نے آج انسانیت کو ایک بار پھر لمحہ فکر ہی میں ڈال دیا ہے جس کے بعد پاکستان کے اقلیتی شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس اور بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مسلم بھائیوں خصوصی طور پر علماءکرام کے شکر گزار ہیں جو کہ غم کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارے چرچز میں آکر ہمارے ساتھ اظہات یکجہتی بھی کر رہے ہیں۔