لودھراں؛پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق متاثرہ مواضعات سے آبادی انخلاءسوفیصد یقینی بنایا جائے ،کمشنر ملتان

20

لودھراں،21 اگست ( اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق متاثر ہونے والے مواضعات سے آبادی کا انخلاءسو فیصد یقینی بنایا جائے، انسانی جانوں کو خطرات سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے ویڈیو لنک روم میں دریائے ستلج میں فلڈ کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

 کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے اجلاس میں فلڈ سے نبردآزما ہونے کے حوالے سے اٹھائے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کو ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالروف مہر نے فلڈ انتظامات بارے تفصیلی بریفننگ دی۔

 کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع کی دونوں تحصیلوں کہروڑپکا اور لودھراں میں سیلاب متاثرین کی سہولت کیلئے وسیع پیمانے پر ٹینٹ ویلج قائم کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے ضلع بھر میں بنائے گئے 24 ریلیف کیمپس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 انہوں نے ریلیف کیمپس میں سیلاب متاثرین کو رہائش ، کھانا، علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو رہائش کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹینٹ ویلج وسیع جگہ پر قائم کیے جائیں تاکہ ضرورت کے مطابق ان کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

 انہوں نے تمام افسران کو آپس میں کوآرڈی نیشن کو بہتر بنانے اور فلڈ ڈیوٹی پرفارمنس میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی،کمشنر ملتان ڈویژن نے حویلی نصیر خان اور بہاول گڑھ کہروڑپکا ہائی سکول میں قائم کیے گئے ٹینٹ سٹیز کا دورہ کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر لودھراں اشرف صالح نے حویلی نصیر خان ٹینٹ سٹی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا غلام حسین نے بہاول گڑھ ٹینٹ سٹی میں فراہم کردہ سہولیات بارے بریفنگ دی۔