ملتان؛ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے صحت کے شعبے میں سخت مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے،کمشنر

12

ملتان، 19 اگست (اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے صحت کے شعبے میں سخت مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے ،اس سلسلے میں نشتر ہسپتال ،کارڈیالوجی سنٹر سمیت تمام مراکز صحت میں بلاتعطل ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   علی الصبح نشتر ہسپتال ون اور ٹو سمیت  ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر انجینئر عامر خٹک نے مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات اور ادویات فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔  وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف احمد رانا اور ایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد نے طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔

کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے واضح احکامات ہیں کہ ادویات کی فراہمی اور صفائی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کا صحت کے شعبے کی بہتری پر خاص  توجہ ہے۔انہوں نے  کہا  کہ بڑھتے کیسز کے پیش نظر ڈینگی وارڈ کو عالمی تقاضوں کے مطابق فعال رکھا جائے گا جبکہ وارڈز میں ائیر کنڈیشنر اور آکسیجن سمیت تمام سہولیات کی فراہمی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ نشتر ٹو کے قیام سے اس خطے کے مریضوں کو براہ راست ریلیف ملنا شروع ہوگیاہے، آؤٹ ڈور کو مکمل فعال کرکے اس ہسپتال کو مزید عوامی خدمت کا مرکز بنائیں گے۔

قبل ازیں وائس چانسلر نشتر ہسپتال و یونیورسٹی ڈاکٹر الطاف احمد رانا نے کہا کہ نشتر انتظامیہ مریضوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔