ملتان، 16اگست (اے پی پی ): سیکرٹری سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ساوتھ پنجاب امجد شعیب خان ترین نے
زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کے منصوبےکی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے اور آئی ڈیپ حکام سے سیکرٹریٹ کا فزیکل اور فنانشیل پلان طلب کرلیا ہے۔
وہ زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر،سیکشن آفیسرز احمد رانا،حافظ خورشید ملک،اکمل حسنی اور خرم جہانگیر نے شرکت کی۔
سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نے کہا کہ منصوبے پر الیکٹریکل،مکینکل اور سیوریج سمیت تمام آئٹمز پر کام کی پیش رفت بارے آگاہ کیا جائے اور منصوبے پر لیبر اور سکلڈ ورکرز کی تعداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے گا، کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کی تکمیل سے تمام محکموں میں مزید بہتر کوآرڈنیشن قائم ہوگی اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔
سیکرٹری سروسز نے آئی ڈیپ کے حکام کا اجلاس جمعہ کے روز طلب کر لیا ہے۔











