ملک و قوم کا تحفظ اور ملک میں عوام کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکوئٹہ میں سلامتی سے متعلق اجلاس سے خطاب

6

اسلام آباد۔26اگست  (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہاہے  کہ  ملک و  قوم کا تحفظ اور ملک میں عوام کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق   انہوں نے یہ بات ہفتہ کو  کوئٹہ میں  بلوچستان میں سلامتی کی صورتحال سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں  نگراں وفاقی وزرا سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران وزیرِ اعلی بلوچستان علی مردان خان ڈومکی اور اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے  سلامتی سے متعلق امورمیں صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ تحفظاتی معاملات میں ریاستی ردعمل کو مضبوط بنانے کے لئے قانونی ڈھانچے کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ نگراں  وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی سطح پر عوام کو معاشی اور اقتصادی ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ  وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے جدید اور تخلیقی حکمت عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے ۔