اسلام آباد،30اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے پرائیویٹ ایجوکیشنل ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے تعاون سے منشیات کے خلاف آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام منشیات کےمسئلہ پر قابو پانے میں شعور اجاگر کرے گا۔
رول آؤٹ سٹی سکول میں بدھ کو اس مہم میں 150 طلباء، اساتذہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں کے ایک گروپ نے حصہ لیا۔مہم کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے آئی سی ٹی کے چھ بڑے نجی تعلیمی اداروں میں اگلے دو ماہ میں اسی طرح کے سیمینارز کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ کلسٹر اپروچ کو بروئے کار لاتے ہوئےاسلام آباد کے مضافات میں چھوٹے اداروں کو شامل کرکے زیادہ سے زیادہ رسائی اور اثر کو بڑھایا جائے گا۔
نگراں وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہاکہ آگاہی مہم اس اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے جو تعلیمی ادارے ہمارے نوجوانوں کے صحت مند مستقبل کی تشکیل میں ادا کر سکتے ہیں۔
پیرا کی چیئرپرسن ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول نے کہا کہ ہمارے طلباء کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کو یقینی بنانے ،سیکھنے اور ذاتی ترقی کے لئے سازگار ماحول ناگزیر ہے۔